سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی میزبانی میں عالمی کانفرنس 30 دسمبر سے شروع ہوگی

دو روزہ عالمی کانفرنس میں ملکی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے

سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی میزبانی میں عالمی کانفرنس 30 دسمبر سے شروع ہوگی

ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی میزبانی میں دو روزہ عالمی کانفرنس 30 دسمبر سے شروع ہوگی، ملکی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے ،تفصیلات کے مطابق، سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرمیزبانی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے "سی پیک توانائی کا ڈھانچہ اور سماجی و اقتصادی تبدیلیاں: چیلنجز، مواقع اور پائیدار ترقی" کے عنوان سے دو روزہ کانفرنس 30 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے۔ اس میں عالمی دنیا سمیت ملک کو درپیش توانائی، سماجی اور اقتصادی مسائل پر ملکی اور بین الاقوامی ماہرین اپنے تحقیقی مقالے اور تجاویز پیش کریں گے۔اس سلسلے میں جاری کردہ بیان کے مطابق، کانفرنس میں چین، ترکی، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے ماہرین شرکت کریں گے اور آن لائن مقالے پیش کریں گے۔ جبکہ ملک کے چاروں صوبوں کی یونیورسٹیوں، تحقیقی اور زرعی اداروں کے ماہرین اور اسکالرز بھی دونوں دن کی تکنیکی نشستوں میں شریک ہوں گے۔یہ کانفرنس توانائی، تحقیق، ثقافتی اور سماجی تبدیلیوں کے حوالے سے معلومات کے تبادلے پر بحث و مباحثہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ اس دوران نمائش اور نائٹ گالا کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی صدارت میں مرکزی اور ذیلی کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا، جہاں وائس چانسلر کو پروگرام کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔