بھائی چارے، باہمی رواداری، اخوت، ایک دوسرے کی خدمت کا جذبہ صوبہ کے عوام کا طرہ امتیاز ہے
کراچی: صوبائی وزیر توانائی ومنصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام کی سرزمین سندھ، اپنی قدیم تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے منفرد اہمیت کی حامل ہے، بھائی چارے، باہمی رواداری، اخوت، ایک دوسرے کی خدمت کا جذبہ صوبہ کے عوام کا طرہ امتیاز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھی یوم ثقافت کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ وزیر توانائی سندھ نے تمام پاکستانیوں کو یوم ثقافت سندھ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یوم ثقافت کادن ہماری روایات کو برقرار رکھنے کادن ہے ، سندھی ،ٹوپی اجرک کا دن بھائی چارے،اتحاد اور امن کاپیغام دیتا ہے، ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے سندھ مزید اقدامات بروئے کار لارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت ہماری بہترین روایات کاشاخسانہ ہے ،سندھی ٹوپی اور اجرک کادن ہمارے لئے احترام اور وقار کی علامت ہے ۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی ثقافت کو کبھی مرنے نہیں دیتیں، یوم ثقافت منانے کامقصد سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ محبت اور امن کی سر زمین ہے ، سندھی قوم ثقافتی طور پر منظم ہے اور یہ ان کے شعور کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافتی تاریخ بڑی شاندار ہے جو پاکستان کی وسیع ثقافت کا حصہ ہے اس شناخت پر پورے پاکستان کو فخر کرنا چاہئے،سندھ کی ثقافتی پہچان سندھی ٹوپی اور اجرک ہے۔
0 تبصرے