شاہ بندر ضلع سجاول میں 11.7 اسٹینڈرڈ ملین کیوبک فٹ روزانہ گیس پیداوار کی کامیاب دریافت

شاہ بندر جوائنٹ وینچر اور محکمۂ توانائی سندھ کی بڑی کامیابی ہے۔سید ناصر حسین شاہ

شاہ بندر ضلع سجاول میں 11.7 اسٹینڈرڈ ملین کیوبک فٹ روزانہ گیس پیداوار کی کامیاب دریافت

کراچی: سندھ کے وزیرِ توانائی سید ناصر حسین شاہ نے پاکستان، بالخصوص سندھ کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ بندر ضلع سجاول میں 11.7 ملین کیوبک فٹ اسٹینڈرڈ ملین کیوبک فٹ روزانہ (MMCFD) گیس پیداوار کی کامیابی سے دریافت شاہ بندر جوائنٹ وینچر اور محکمۂ توانائی سندھ کی بڑی کامیابی ہے جس سے توانائی کی قلت کو دور کرنے میں مدد ملے گی اور قیمتی زرِ مبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شاہ بندر میں 2475 میٹر گہرائی کے کنویں سے بھاری مقدار میں گیس کے ساتھ ساتھ 198 بیرل روزانہ ہائیڈرو کاربن بھی مائع حالت میں حاصل ہوگا۔

وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گیس اور مائع کی اس بڑی دریافت پر جوائنٹ وینچر میں شامل محکمۂ توانائی سندھ کی کمپنی سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (SEHCL) , اور اس جوائنٹ وینچر کی آپریٹر اور اس جوائنٹ وینچر میں سب سے بڑے شیئر کی حامل پاکستان پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (PPL) و دیگر کمپنیاں جن میں گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (GHPL) اور ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (MPCL) مبارکباد کی مستحق ہیں ۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت کے تمام محکمے صوبے کے عوام کی بہبود اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے جہدوجہد میں مصروف ہیں اور شاہ بندر سجاول میں گیس کے ایک کنویں سے اتنی بھاری مقدار میں گیس اور مائع ہائیڈرو کاربن کی دریافت سندھ حکومت کی بڑی کامیابی ہے اور ترقی کا یہ سفر اب مزید تیزی سے آگے بڑھتا رہے گا۔