بول نیوز کے ٹی وی اشتہارات کی ریلیز ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر روکنے کا حکم
کراچی (پریس ریلیز) کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر حامد الرحمن، سیکریٹری سید نبیل اختر اور گورننگ باڈی کے اراکین نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں بول نیوز کے ٹی وی اشتہارات کی ریلیز ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کی جانب سے بول نیوز کے متاثرہ ملازمین کے حق میں کیے گئے مسلسل احتجاج کے بعد سامنے آیا۔ پیمرا کے اس اقدام کے تحت 373 ملازمین کی شکایات پر کارروائی کی گئی، جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ انہیں بغیر اطلاع کے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا اور ان کے بقایا جات کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔
پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس نے 13 اور 25 جون 2024 کو ہونے والی میٹنگز میں ان شکایات پر غور کیا اور بول نیوز کو بقایا جات کی ادائیگی کا پابند بنایا۔ پیمرا کے چیئرمین نے ان سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے بول نیوز کو 15 دن کے اندر تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔
تاہم، چینل کی جانب سے بار بار تاخیر اور عدم تعمیل کے باعث پیمرا نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔ 31 اکتوبر 2024 کو بول نیوز نے مزید وقت طلب کیا، جسے چیئرمین پیمرا نے مسترد کر دیا۔ پیمرا آرڈیننس 2002 (2023 کی ترمیم) کے تحت، پیمرا نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو سفارش کی کہ بول نیوز کے اشتہارات کی ریلیز اس وقت تک معطل رکھی جائے جب تک ملازمین کے تمام واجبات ادا نہیں کیے جاتے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے اس اقدام کو میڈیا ملازمین کے حقوق کی حفاظت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ ان اداروں کے لیے ایک مثال ہوگا جو اپنے ملازمین کو ان کے حقوق دینے میں ناکام رہتے ہیں۔یونین بول نیوز کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہےاور ان کے حقوق کی بحالی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
0 تبصرے