آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 21روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ جاری

چھٹے روز اردو مزاحیہ و اصلاحی ڈرامہ ”گڈی ہٹیلی پیش کیا گیا

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 21روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ جاری

کراچی () آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 21روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کے چھٹے روز اردو مزاحیہ و اصلاحی ڈرامہ ”گڈی ہٹیلی“ پیش کیا گیا، ڈرامے کے رائٹر و ڈائریکٹر محمد تسنیم رعنا تھے جبکہ عمر دانش، شعیب ہوکلا او صادق پٹیل نے بھی ڈرامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ، کاسٹ میں شانزے، ادریس کمال، سپنا غزل، عامر ریمبو، زینب، فائزہ ملک، انیقہ ، شان مہدی، پیارے منصور، طلحہ بجھانی، شمیر راہی، زوہیب (چنٹو) و دیگر شامل تھے، ڈرامہ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد ہال میں موجود تھی، ڈرامہ میں دکھایاگیا ہے کہ ایک غریبوں کی بستی ہے جس میں رہنے والے لوگ آپس میں لڑتے رہتے ہیں، بستی میں ایک لڑکی ”گڈی “ رہتی_ ہے جس کو لوگ ”گڈی ہٹیلی “کہتے ہیں، ڈرامے کی کہانی ان والدین کے گرد گھومتی ہے جن کی عدم توجہ کی وجہ سے بچے بے راہ روی کا شکار ہوجاتے ہیں یا نشہ کرنے لگتے ہیں، ایسے میں گڈی ہٹیلی جو دوسروں کا پاکٹ مار کر ان بچوں کی پرورش کرنے کا سوچتی ہے، ایک چھوٹی سی جگہ میں سب ساتھ رہتے ہیں، ان بچوں کو پڑھانا، اچھے کپڑے فراہم کرنا اور ان کی غذا کا خیال رکھنا گڈی اپنی ذمہ داریوں میں شامل کرلیتی ہے، گڈی کی خواہش ہوتی ہے کہ یہ بچے بڑے ہوکر معاشرے میں اپنا ایک مقام بنائیں۔کوئی ڈاکٹر بنے تو انجینئر۔ڈرامہ کی کہانی بنیادی طور پر ان والدین کے لیے ایک سبق ہے جو اپنے بچوں کو لاوارث چھوڑ دیتے ہیں جس کی بناءپر بچے بے راہ روی کا شکار ہوکر غلط راستہ اختیار کرلیتے ہیں، شائقین نے ڈرامہ کی کہانی کو پسند کرتے ہوئے تالیاں بجاکر فنکاروں کو خوب داد دی۔