چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کا یونین کمیٹی 09 میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محدود وسائل کے ساتھ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں میں مصروف۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی ہدایت پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کا یونین کمیٹی 09 میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ۔اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 09 کے وائس چیئرمین حنظلہ انور قریشی،یوسی پینل کے اراکین،ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے۔ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے سڑک کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسی 09 کی سڑک گزشتہ 20 سال سے تعمیر نہیں ہوئی ہے جبکہ سابقہ بلدیاتی ادوار میں یہاں روڈ کٹنگ بھی ہوئی ہے اور ادارے اپنے کام کرکے اس سڑک کو ایسے ہی چھوڑ دیتے ہیں،یوسی نائن کی عوام نے جماعت اسلامی کے نمائندوں پر اعتماد کیا ہے اور آج الحمد اللہ اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جارہا ہے جو پیور بلاک سے تیار کی جائے گی کیونکہ پیور بلاک کا فائدہ یہ ہے کہ اگر کوئی ادارہ یہاں کھدائی کرتا ہے تو پیور بلاک آسانی کے ساتھ ہٹ جاتے ہیں اور کام مکمل ہونے کے بعد لگ بھی جاتے ہیں۔شعیب بن ظہیر نے کہا کہ آئندہ پانچ سے چھ ماہ کے اندر انشاء اللہ ہم نیو کراچی ٹاؤن کی یوسیز میں ایک لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاک لگائیں گے،انہوں نے کہاکہ صرف نیو کراچی میں ہی نہیں پورے شہر قائد میں سیوریج سسٹم خستہ اور ناکارہ ہے اس سیوریج سسٹم کو تبدیل کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے لیکن واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اس حوالے سے کوئی کام نہیں کررہا ہے،اس کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے علاقوں میں موجود سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل کو بھی حل کررہے ہیں۔اس موقع پر وائس چیئرمین یونین کمیٹی نائن حنظلہ انور قریشی نے کہا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی خصوصی توجہ سے یوسی نائن کی چار گلیوں میں سیوریج کی لائنیں ڈالی جارہی ہیں جہاں عرصہ دراز سے سیوریج کے مسائل تھے انشاء اللہ جلد یونین کمیٹی 09 سیکٹر الیون ایف کی تمام گلیوں کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔بعد ازاں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندوں سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ڈالی جانے والی نئی لائنوں کے کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت و تعمیر کا کا شروع کیا جاسکے۔وفد نے بتایا کے کھدائی کے دوران سیوریج کے ناکارہ سسٹم کا بھی سامنا کرنا پڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے وقت لگ رہا ہے انشاء اللہ ہماری کوشش ہے کہ جلد اس کام کو پائے تکمیل تک پہنچائیں گے۔
0 تبصرے