مستونگ: اسکول کے قریب دھماکا، طلبہ سمیت 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

معصوم بچوں اور معصوم لوگوں کے خون کا حساب لیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

مستونگ: اسکول کے قریب دھماکا، طلبہ سمیت 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

مستونگ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی اسکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں اور اسکول کے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ سول اسپتال چوک پر گرلز اسکول کے قریب دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے 3 بچے اور ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔جاں بحق ہونے والوں میں 5 اسکولی بچے، ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر شامل ہے۔ .دھماکے میں پولیس موبائل اور ایک رکشہ سمیت کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ اور سیکریٹری صحت مجیب الرحمان نے سول اسپتال کوئٹہ، بی ایم سی اسپتال کوئٹہ اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹ، سٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہسپتالوں میں طلب کیا گیا ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ غریب لوگوں کے بعد اب دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اب معصوم بچوں کو سافٹ ٹارگٹ کا نشانہ بنایا ہے، معصوم بچوں اور معصوم لوگوں کے خون کا حساب لیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہری آبادی میں مقامی لوگوں کو بھی دہشت گردوں پر نظر رکھنی ہوگی، دہشت گردی کا مقابلہ مل کر ہی کیا جاسکتا ہے۔