کراچی: پیشینٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام "بیک سیل" کا انعقاد

بیک سیل؛ پی ڈبلیو اے کی سالانہ بڑی تقریبات میں سے ایک ہے: مقرر

کراچی: پیشینٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام

کراچی: پیشینٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو اے) نے ڈاکٹر روتھ کے ایم فاؤ اسپتال میں بیک سیل کے عنوان سے مستحق مریضوں کی مدد کے لیے عطیات وصولی کے لیے ایک کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا، بیک سیل؛ پی ڈبلیو اے کی سالانہ بڑی تقریبات میں سے ایک ہے، اس فنڈ ریزنگ ایونٹ کا مقصد ادارے کے فلاحی کاموں کو جاری کرنے کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا تھا، جس میں فارم ایوو کے ایم ڈی ہارون قاسم نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، اس موقع پر پی ڈبلیو اے کےشریک بانی ڈاکٹر عبدالباری خان، بورڈ آف گورنرز صدیق شیخ، سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید ایم خالد بخاری اور ڈاؤ میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبرز، سول اسپتال کے حکام، پی ڈبلیو اے کے رضاکاروں، طلبا اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مہمانِ خصوصی ہارون قاسم نے پی ڈبلیو اے کے رضاکاروں کی خدمات کو سراہا اور ان کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، بیک سیل میں مختلف قسم کے پکوانوں کے اسٹالز، ہاتھ سے بنی ہوئی مصنوعات اور دستکاری کی نمائش نے تمام حاضرین کو اپنی جانب متوجہ کیا، اس ایونٹ میں مختلف گیمز، فٹنس، مہندی اور دیگر اشیا کے اسٹالز بھی موجود تھے، فنڈ ریزنگ کے اس پروگرام سے جمع ہونے والے فنڈز کا استعمال تھیلیسمیا کے مریضوں کو مفت ادویات اور خون فراہم کرنے اور پی ڈبلیو اے کے بلڈ بینک کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا جائے گا، پیشنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رضاکاروں نے اس ایونٹ کو کامیابی سے انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا، ان کی محنت اور کارکردگی کی بدولت بیک سیل کا انعقاد ممکن ہوا، خیال رہے کہ پیشنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈاؤ میڈیکل کالج کے طلبہ و طالبات کے زیرانتظام سول اسپتال میں قائم ایک غیر سرکاری، غیر سیاسی فلاحی ادارہ ہے، گزشتہ 45 برسوں سے یہ ادارہ کراچی میں صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے، ان کی خدمات میں کراچی بھر میں صاف و شفاف خون کی فراہمی کو یقینی بنانا اور تقریباً 207 رجسٹرڈ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مفت ادویات اور خون فراہم کرنا شامل ہیں۔