بی ایم اے کے امیدواروں کو سیریل نمبر الاٹ نہ کرنا دال میں پورا کالا کو ظاہر کرتا ہے، آصف سخی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے انتخابات برائے2024-26 میں برسر اقتدار بزنس مین گروپ (بی ایم جی)دھاندلی کے لیے غیرقانونی حربے استعمال کررہاہے س کے باوجود کے سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین الائنس (بی ایم اے) کو شکست نہیں دی جاسکے گی۔ ان خیالات کا اظہاربزنس مین الائنس (بی ایم اے) کے رہنماآصف سخی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر کے انتخابات میں بی ایم جی کا برسراقتدار گروپ دھاندلی کے لیے ہر قسم کے حربے استعمال کررہا ہے، برسراقتدارگروپ نے ابھی تک ہمارے امیدواروں کا سیریل نمبر الاٹ نہیں کیا گیا جبکہ بزنس مین گروپ کو ایک سے 30 تک نمبر الاٹ کردیے گئے۔
انہوں نے بتایاکہ بزنس مین الائنس کی جانب سے سیریل نمبرکے لیے پہلے درخواست دی گئی تھی لیکن بی ایم جی کے برسراقتدارگروپ اپنے گروپ کے نمبرتو الاٹ کردیے لیکن بزنس مین الائنس کے نامزدامیدواروں کوسیریل نمبرالاٹ نہیں کیا جس سے اس بات کا اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ بزنس مین گروپ انتخابات میں دھاندلی کرنے کے لیے بھرپورکوششوں میں لگاہواہے۔ان کا کہنا تھا کہ بزنس مین الائنس کو نمبرالاٹ کرنے کے لیے5 ستمبرکی ڈیڈلائن دی تھی لیکن بی ایم جی کے برسراقتدارگروپ نے ابھی تک 31سے 60 تک کے سیریل نمبر بھی الاٹ نہیں کیے۔
آصف سخی نے وزیرتجارت جام کمال سے کراچی چیمبرکے انتخابات میں دھاندلی کی نیت سے غیرقانونی اقدامات کا نوٹس لینے کا درخواست کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بزنس مین گروپ کے سربراہ جو ایک سرکاری عہدے پر فائز ہے اُن کو کراچی چیمبر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے سے روکا جائے۔انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبرکے انتخابات میں نامزدالیکشن کمیشن پر بھی شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایک غیرجانبددارنہ الیکشن کمیشن قائم کیاجائے تاکہ دھاندلی نہ ہوسکے۔
0 تبصرے