کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام ۱۹ویں مائی کراچی نمائش
کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ۱۹ویں مائی کراچی نمائش کا انعقاد کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام کیا گیا۔ اس نمائش میں ملک بھر سے تاجروں سمیت غیر ملکی مندوبین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نمائش کا مقصد میڈ ان پاکستان مصنوعات کو فروغ دینا تھا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی چیمبر آف کامرس کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی۔
اس نمائش میں بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں کے لیے تفریح کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مائی کراچی نمائش میں ۳۰۰ سے زائد اسٹالز لگائے گئے۔
ان اسٹالز میں بے نظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کا اسٹال بھی شامل تھا جو عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ سندھ حکومت کے تحت کام کرنے والا یہ ادارہ سندھ بھر کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ سندھ حکومت کا یہ ادارہ اپنے سیکڑوں اداروں میں ہزاروں طلبہ کو ۲۰۰ سے زائد شعبوں میں ہنرمند بنانے کی خدمات سر انجام دیتا ہے۔ اسٹال پر آنے والے افراد کو ادارے کی خدمات اور کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ اس اسٹال کا مقصد عوام میں تکنیکی تعلیم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
بے نظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اسلام حمید و ریجنل کنسلٹنٹ تیمور علی سیال نے نمائیش نمائش کے شرکا کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ کس طرح نوجوان تکنیکی تعلیم کے حصول کے بعد اپنے لیے روزگار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بورڈ سے وابستہ مختلف تعلیمی اداروں اور ان کے اساتذہ و طلبہ نے بھی اس اسٹال کا دورہ کیا اور بیداری شعور میں اپنا کردار ادا کیا۔ بورڈ کے تحت تعلیم حاصل کرکے ہنرمند بننے والے افراد نے اسٹال کا دورہ کیا اور اپنی کامیابی کی داستان سنائی۔
صوبائی وزیر برائے صنعت و پیداوار جام اکرام اللہ دھاریجو، کونسلیٹ جنرل UAE، ایڈیشنل آئی جی جاوید نے بھی اسٹال کا دورہ کیا اور بورڈ کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ بے نظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین برائے تکنیکی کمیٹی ڈاکٹر اسلام حمید، ریجنل کنسلٹنٹ انجینئر تیمور علی سیال، محمد سلیمان دشتی، ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سید محمد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر محمود اوڈھو، ڈپٹی ڈائریکٹر شمس الجن، ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز سومرو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل انصار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ جہانزیب کمال، رضوان شیخ اور دیگر افسران نے شعور بیداری کے اس تین روزہ مشن میں اپنی خدمات بھرپور انداز میں سر انجام دیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مانیٹرنگ جہانزیب کمال نے نمائش کے دونوں دن بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے اسٹال آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا،
0 تبصرے