بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 93 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ
بھارت میں مٹی کے تودے گرنے سے 93 افراد ہلاک اور سینکڑوں پھنس گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے باعث ضلع وایناڈ میں مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات دب گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سینکڑوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جب کہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 93 افراد کے ہلاک اور 116 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس حوالے سے بھارتی حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیلمبور میں دریائے چالیار میں متعدد افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ منڈکئی میں کئی مکانات، دکانیں اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منڈکئی میں پل گرنے سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے عارضی پل بنا کر لوگوں کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
0 تبصرے