اپیکس کمیٹی اجلاس: علی امین گنڈا پور نے بنون امن جرگہ کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے

اپیکس کمیٹی اجلاس: علی امین گنڈا پور نے بنون امن جرگہ کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے

اپیکس کمیٹی اجلاس: علی امین گنڈا پور نے بنون امن جرگہ کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے

پشاور(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی اور بنون امن جرگہ کے اراکین کا اجلاس ہوا جس میں جرگے کے مطالبات منظور کر لیے گئے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر پشاور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد بنون امن جرگہ کے اراکین اور صوبائی وزیر پختون یار خان نے کہا کہ امن جرگہ کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں، ان کے تمام تحفظات اپیکس کمیٹی میں دور کر لیے گئے ہیں۔ اپیکس کمیٹی کا مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد ہر صورت قابل مذمت ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، پولیس مسلح گروپوں کے دفاتر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرے گی۔ بیان کے مطابق اجلاس میں عسکری اداروں نے واضح کیا کہ کے پی میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، پولیس اور سی ٹی ڈی دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کریں گے، پولیس کو ہر وقت گشت کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ بنون میں بعض عناصر نے حکومتی اداروں پر بلا وجہ تنقید کی، بلاجواز تنقید سے افسران اور جوانوں کے دل مجروح ہوئے۔ بیان کے مطابق عوام اور اداروں کے درمیان بعض اوقات غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں، انہیں فوری طور پر حل کرنا ضروری ہے، کمشنر کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی، اس میں عوامی نمائندے، سول، ملٹری اور پولیس کے نمائندے شامل ہوں گے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کسی بھی واقعے یا مسئلے پر فوری اجلاس بلائے گی اور قابل عمل حل نکالا جائے گا۔