کراچی: ساتویں آئی ایس ای ایم سولر ایگزیبیشن کا آغاز, سید ناصر حسین شاہ نے افتتاح کیا
کراچی: وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایکسپو سنٹرکراچی میں منعقدہ تین روزہ ساتویں ISEMسولر ایگزی بیشن کا افتتاح کردیا۔ کانفرنس منتطمین کا کہنا ہے کہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ ایسے وقت میں شمسی توانائی کافروغ ہی ریلیف کا باعث بن سکتا ہے۔ صوبائی وزیر توانائی نے ایگزیبشن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے۔حکومت سندھ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ترقی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ساتھ شمسی توانائی کی پیداوار اور تقسیم میں تکنیکی ترقی کو فروغ دینے کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ سندھ حکومت نیشنل گرڈ میں بجلی فراہم کرنے کیلئے سولر پارکس قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں صارفین کو 100یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرناہے۔ شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شمسی توانائی پر ٹیکسوں کو روکنے کیئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ توانائی کے شعبے میں انتہائی زرخیز اور قدرتی و سائل سے مالامال ہے اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ اس ایگزیبیشن میں پالیسی ساز، صنعت سے وابستہ افراد اور سرمایہ کار بھی شرکت کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی اور خاص طور پر غیر ملکی کمپنیاں اپنی سولر کی مصنوعات اور سولر سے متعلق آلات وغیرہ اور بیٹریاں بھی نمائش کیلئے موجود ہیں۔ اسکے علاوہ رہائشی اور کمرشل استعمال کیے لیے سولر کی جدید ٹیکنالوجی اور آلات بھی نمائش کیلئے پیش کیے گئے ہیں۔ اس تین روزہ نمائش کا مقصد ملک میں شمسی توانائی کو فروغ دینا ہے۔
0 تبصرے