پاکستان سینٹرل ایشیا کے تمام ممالک سے دو طرفہ تجارت کا فروغ چاہتا ہے:عبدالعلیم خان

پاکستان سینٹرل ایشیا کے تمام ممالک سے دو طرفہ تجارت کا فروغ چاہتا ہے:عبدالعلیم خان

پاکستان سینٹرل ایشیا کے تمام ممالک سے دو طرفہ تجارت کا فروغ چاہتا ہے:عبدالعلیم خان

اسلام آباد:پاکستان میں آذر بائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے اُن کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں آذربائیجان کے صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپنی گفتگو میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سینٹرل ایشیا کے تمام ممالک سے دو طرفہ تجارت اور کاروباری روابط کا فروغ چاہتا ہے جس کے لئے پہلے ہی عملی کوششیں شروع ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وسط ایشیائی ممالک بھی پاک چین کوریڈور سی پیک سے مستفید ہوں جس سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذر بائیجان کے سفیر خضر فرادوف کو اپنے حالیہ دورہ سینٹرل ایشیا سے آگاہ کیا اور تاجکستان میں ہونے والی ٹین شین کانفرنس میں تجارتی معاہدوں کے بارے میں بتایا۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے دو طرفہ تعاون کی پیشکش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے آذربائیجان میں پیشہ وارانہ مہارت کے مختلف شعبوں میں مین پاور کی بڑی گنجائش موجود ہے جس کے لئے پیشرفت خوش آئند ہوگی۔ خضر فرادوف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں اضافہ کریں گے اور اس ضمن میں آذربائیجان کے صدر کا دورہ پاکستان سنگ میل ثابت ہوگا۔ ٭٭٭