سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم

سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم

سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر کامران عربی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15روپے سے زائد کی نمایاں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ حکومت معیشت کو بحرانوں سے نکالنے اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بجلی و گیس نرخوں میں بھی کمی کرے تاکہ کاروبار کرنے اور پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکے جس کے یقینی طور پر ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ کامران عربی نے ایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا قابل تحسین ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور عام آدمی اور تاجر برادری کو کسی حد تک ریلیف ملے گا تاہم مہنگائی کے مارے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مؤثر نظام اورگھریلو مصنوعات کے سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ صدر سائٹ ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ بجلی و گیس کے زائد نرخوں کی وجہ سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے صنعتیں چلانا دشوار ہوگیا ہے تاہم حکومت صنعت دوست اقدامات کے ذریعے ریلیف فراہم کرکے معاشی سرگرمیوں کے فروغ دینے میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی معاشی و صنعتی ترقی سے جُڑی ہے لہٰذا صنعتی پہیہ گھومے گا تو ملک میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے جبکہ برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ کامران عربی نے حکومت سے آئندہ بھی پیٹرولیم مصنوعات میں کمی جیسے اقدامات جاری رکھنے کی امید ظاہر کی اور یہ درخواست بھی کی کہ بجلی و گیس نرخوں میں کمی کی جائے تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی یقینی بنائی جاسکے اور برآمدکنندگان عالمی مارکیٹوں میں اپنی مصنوعات مناسب قیمتوں پر برآمد کرکے اپنے مدمقابل دیگر ملکوں سے قیمتوں کی دوڑ میں مقابلہ کرسکیں جس کے ملکی برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔