"ہم ہر اس دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے جو پاکستان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالے گا: آرمی چیف جنرل عاصم منیر
اسلام آباد (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم ہر اس دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے جو پاکستان، اس کے عوام اور اس کے مہمانوں پر بری نظر ڈالے گا۔
شانگلہ میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سرحد پار دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ شرکاء نے دہشت گردی کے انسداد کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ قوم نے گزشتہ دو دہائیوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ثابت قدمی سے لڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے پاکستان کے خلاف ناکام قراردادوں کو شکست دی ہے، ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ہر اس دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے جو پاکستان، اس کے عوام اور اس کے مہمانوں پر بری نظر ڈالے گا، ہم مقابلہ کریں گے۔
0 تبصرے