میرے مقدمات کی نگرانی کرنے والے جج نے استعفیٰ دے دیا کیونکہ دال میں کچھ کالا تھا۔نواز شريف
لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں بے گناہ ہوں، مجھے سزا سنانے والے جج ایک ایک کر کے چلے گئے۔
لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں نے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی بہترین خدمت کی ہے، اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ مجھ سے اس طرح محبت نہ کرتے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو بھی معلوم ہے کہ نواز شریف بے گناہ تھے، سزا سنانے والے جج ایک ایک کرکے چلے گئے، چند ماہ بعد چیف جسٹس بننے والے جج بھی چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جج میرے کیسز پر مانیٹرنگ جج بن کر بیٹھا، اب استعفیٰ دے دیا ہے اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ کے لیے وہ سب کچھ کروں، جس کی آپ مجھ سے توقع رکھتے ہیں، میں نے پہلے بھی خلوص نیت سے کوشش کی ہے اور کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔
نواز شریف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ن لیگ کا ساتھ دینا ہے، ہم ملک و قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور یہ دنیا کی خوشحال ترین قوم بنے گی۔
0 تبصرے