ڈی جی پی آئی ڈی کا کراچی پریس کلب کا دورہ ،نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات

ڈی جی پی آئی ڈی کا کراچی پریس کلب کا دورہ ،نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات

ڈی جی پی آئی ڈی کا کراچی پریس کلب کا دورہ ،نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات

کراچی:پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ(پی آئی ڈی)کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر نے گزشتہ روزکراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات کی ۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، نائب صدر عبدالرشیدمیمن،جوائنٹ سیکرٹری محمدمنصف،گورننگ باڈی کے ارکان راناجاوید، شازیہ حسن، موناصدیقی، نورمحمداورشعیب احمدنے کلب آمد پر ڈی جی پی آئی ڈی کا استقبال کیا ۔ارم تنویر نے نومنتخب عہدیداروں کوکامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ منتخب باڈی کراچی پریس کلب کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے اسے مزید بلندیوں کی طرف لے کر جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور ان کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔بیمار صحافیوں کے حوالے سے ہم خصوصی اقدامات کرہے ہیں۔اس حوالے سے حکومت نے ہیلتھ انشورنس اسکیم بھی شروع کی ہے ،جس کے تحت صحافیوں کی آن لائن رجسٹریشن جاری ہے ۔صحافی حضرات پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر جاکر اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں ۔عوام کے مسائل کو دنیا کے سامنے رکھنے پر ان کا اہم کردار ہے اس لیے ضروری ہے کہ صحافیوں کو وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں جس کے ذریعہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض تندہی کے ساتھ انجام دے سکیں ۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی،نائب صدرعبدالرشیدمیمن اور جوائنٹ سیکرٹری محمدمنصف نے ارم تنویر کو کراچی پریس کلب میں خوش آمد ید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب اپنی تابندہ روایات کو جاری رکھتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کرتا رہے گا ۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک میں جمہوری تحریکوں کے لیے ایک استعارہ رہا ہے اورجو آواز کہیں بھی نہیں سنی جاتی وہ آواز کراچی پریس کلب میں بلند ہوتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ وفاقی حکومت کراچی پریس کلب کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی ۔