نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران حادثات میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کے جنوبی اضلاع میں گزشتہ 2 روز سے شدید بارشیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے حکام نے بتایا کہ ترونیل ویلی اور دیگر اضلاع میں بارش کے دوران دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے۔
حکام کے مطابق توتیکورن ضلع کے کالوپٹنم علاقے میں گزشتہ 2 دنوں میں 1186 ملی میٹر بارش ہوئی ہے اور تروچندر میں 921 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ توتیکورن ضلع کے کئی گاؤں دریا کے کنارے واقع ہیں۔ جو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ بحریہ، فضائیہ، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور دیگر ریاستی اداروں کے تقریباً 1,343 اہلکاروں نے سیلاب اور ہنگامی صورتحال سے لوگوں کو بچانے میں حصہ لیا، اہلکاروں نے 160 ریلیف کیمپوں میں 17 افراد کو پناہ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بارش کے باعث موبائل نیٹ ورک سروس معطل ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے لیے انتظامیہ نے 200 کے قریب وائرلیس ٹیلی فونز کا استعمال کیا۔
0 تبصرے