صارفین سے دھوکہ، اوسط بل بھیجنے اور 30 دنوں سے زیادہ بلنگ کرنے کا انکشاف
اسلام آباد (ویب ڈیسک) انکشاف ہوا ہے کہ کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیاں 30 دن سے زائد کے اوسط بل اور بلنگ بھیج رہی ہیں۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی انکوائری کمیٹی نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے زائد بلنگ کی انکوائری مکمل کرلی۔
انکشاف کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بجلی کمپنیاں 30 دن سے زائد کے اوسط بل اور بل بھیج رہی ہیں جس کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنیوں کی جانب سے 30 دن سے زائد کی بلنگ سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے، بجلی کمپنیوں نے وقت پر میٹر تبدیل نہ کرکے اوسط بل بھیجے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے اپنی نااہلی چھپانے کے لیے جان بوجھ کر غلطیاں کیں اور بجلی کمپنیوں کی نااہلی کے نتیجے میں کم بجلی صارفین کو زیادہ بل بھیجے گئے۔
نیپرا کی رپورٹ کے مطابق ایسے اقدامات سے بجلی کمپنیوں کی جانب سے بلوں کی وصولی کم رہی۔
نیپرا نے بجلی کمپنیوں کو نوٹسز بھجوا کر وضاحت طلب کر لی اور 30 دن میں ناقص میٹر تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی۔
اعلامیے کے مطابق خراب میٹرز کو تبدیل کرنے، غلط بلوں کو درست کرنے کے لیے حتمی وقت دے دیا گیا ہے، بصورت دیگر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کے مطابق میٹر تبدیل نہ کرنے پر کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور معاملے پر وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
0 تبصرے