خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے نواز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقات کی
لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے مشترکہ انتخابی حکمت عملی پر اتفاق کرتے ہوئے مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔
ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے جب کہ ن لیگ کی جانب سے شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں عام انتخابات، انتخابی اتحاد اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، جس میں سعد رفیق نے کہا کہ ہم 8 فروری کا الیکشن برداشت کی فضا میں لڑنے جا رہے ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں، ملکی معیشت کا ہو یا ملکی سیاست کا، کراچی کا کردار اہم ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انتخابی اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہوگا، 2013 میں ایم کیو ایم نے کراچی کی 20 میں سے 17 نشستیں جیتیں، ہم اسی پوزیشن پر واپس آئیں گے۔
0 تبصرے