لیاقت علی خان کی پاکستان کےلئے پیش کی جانے والی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی در دانہ ارشد

آج کے نوجوانوں کو آزادی کی اہمیت سے روشناس کروانے کی ضرورت ہے ڈاکٹر آفتاب امام

لیاقت علی خان کی پاکستان کےلئے پیش کی جانے والی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی در دانہ ارشد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) روٹریکٹ کلب آف کراچی گیم چینجرز کی جانب سے جامعہ کراچی میں قائد ملت لیاقت علی خان کی 72 ویں برسی کے موقع پر ان کی زندگی کے اہم پہلو پر روشنی ڈالنے کےلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی روٹری انٹرنیشنل کی چیئروومن امپاورمنٹ اور روٹری ڈسٹرکٹ گورنر 3271 کی ایڈوائزر دردانہ ارشد تھیں جبکہ اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل 3271 کے ڈسٹرکٹ گورنر 2022-2021 ڈاکٹر آفتاب امام، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، شعیب علی خان،خانوادہ نواب صدیق علی خان، شعبہ تاریخ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر معیز خان،روٹریکٹ گیم چینجرز کلب کے پریذیڈینٹ ولی الرحمٰن،نو منتخب ڈسٹرکٹ روٹریکٹ ریپریزنٹیٹو شعیب احمد ،سیکرٹری عبد الرافع قائم خانی،خدیجہ خلیل،ماہر تعلیم نوشابہ صدیقی،ممتاز سیاسی و سماجی رہنمامحفوظ النبی خان،ابصار احمد،ڈاکٹر حناءخان، اظہر جمیل اور دیگر بھی موجود تھے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے روٹری انٹرنیشنل کی چیئروومن امپاورمنٹ اور روٹری ڈسٹرکٹ گورنر 3271 کی ایڈوائزر دردانہ ارشد نے کہا کہ لیاقت علی خان کی پاکستان کے لئے پیش کی جانے والی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم کے طور پر خدمات سر انجام دے کر ملک کی ترقی میں لیاقت علی خان نے اہم کردار ادا کیا جبکہ وہ بحیثیت وکیل اور سیاستدان بھی پاکستان کا نام روشن کر رہے تھے در دانہ ارشد نے کہا کہ تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے تمام قائدین ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جان و مال وطن کی خاطر قربان کردیا جبکہ لیاقت علی خان کا شمار پاکستان کی سرکردہ شخصیات میں ہوتا ہے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سید محمد رضا کاظمی نے کہا کہ لیاقت علی خان نے بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں میں جدو جہد آزادی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا جس کی بدولت آج مسلمانوں کو آزاد اسلامی ریاست کا حصول ممکن ہو سکا ہے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ،لیاقت علی خان،مولانا شوکت علی جوہر اور دیگر تحریک آزادی کے دوران بے شمار قربانیاں دیں جبکہ لیاقت علی خان نے تو ملک کی خاطر اپنی جان تک قربان کردی اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل 3271کے ڈسٹرکٹ گورنر 2022 -2021 ڈاکٹر آفتاب امام نے کہاکہ آج کے نوجوانوں کو آزادی کی اہمیت سے روشناس کروانے کی ضرورت ہے انہوںنے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کی قدر سالوں سے ظلم برداشت کرنے والے ممالک کی عوام بہت اچھے طریقے سے سمجھ سکتی ہے کشمیر اور فلسطین کی مثال ہم سب کے سامنے ہے ڈاکٹر آفتاب امام نے کہا کہ نے کہاکہ ہمیں یوتھ کو اپنے قومی ہیروز کے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنی چاہئے جنہوں نے اپنی جائیدادیں اور زندگیاں تک پاکستان کےلئے قربان کردیں جبکہ اکثر تو کسما پرسی کی حالت میں دنیا سے رخصت ہوئے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے کےلئے وجود میں آیا ہے جبکہ اس کی ترقی اور خوشحالی کی ذمہ داری ہمارے نوجوانوں کی ہے انہوں نے کہا کہ آج ملک کو کئی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پاکستانی نوجوان سیاست اور دیگر شعبوں میں اپنی کارکردگی سے ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں.