حکمران فلسطینی مزاحمت کی کھل کر حمایت کریں،شکیل قاسمی

اسرائیل نے کئی دہائیوں سے فلسطینیوں پر ظلم وستم کی انتہاکررکھی ہے

حکمران فلسطینی مزاحمت کی کھل کر حمایت کریں،شکیل قاسمی

کراچی (وسیم قریشی) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ حکمران فلسطینی مزاحمت کی کھل کر حمایت کریں، اسرائیل نے کئی دہائیوں سے فلسطینیوں پر ظلم وستم کی انتہاکررکھی ہے، پوری قوم فلسطینیوں کی کامیابی اور سرخروئی کے لئے دعاگو ہے۔ اسرائیل کو کسی بھی طرح ریاست کے طورپر تسلیم کرنے کا خیال دل سے نکال دیاجائے، مسلم حکمرانوں کا جرأتمندانہ مؤقف وقت کی ضرورت ہے، عالمی استعمار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا وقت ہے، آج بھی اگر بھیگی بلی بنے رہے تو جارحیت فلسطین سے نکل کر دیگر ممالک تک جائے گی، آج پورا مغرب الکفرملت واحدہ کی طرح اسرائیل کے حق میں کھڑاہوچکاہے اور مغرب کی منافقت اور ہندوستان اور دیگر ممالک کی اسلام ومسلم دشمنی عیاں ہوگئی ہے، اب بھی وقت ہے مسلم حکمراں ہوش کے ناخن لیں اورفلسطین پر اسرائیلی تسلط ختم کروانے کے لئے میدان عمل میں آئیں۔یہ باتیں انہوں نے جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے نائب صدر علامہ محمدحفیظ اللہ ہادیہ کے زیرصدارت جامع مسجد حضرت بلال سیکٹر4نارتھ کراچی میں منعقدہ میلاد مصطفےٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر علاقہ معززین سید لیاقت شاہ، محمدطارق تنولی اور علامہ ذاکر ہادیہ اور علامہ رئیس قادری نے بھی خطاب کیا۔ فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس کوکبھی تسلیم نہیں کیاجاسکتا۔فلسطینی مسلمان ایک لمبے عرصے سے اسرائیلی جارحیت، غاصبانہ تسلط اور ظلم وجبر کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ اس وقت ضروری ہے کہ پوری امت مسلمہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہر ممکنہ مدداور تعاون کرے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے دنیامیں امن پھیلایا،بھٹکتی، سسکتی اور دم توڑتی انسانیت کو نئی جلا بخشی، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی دنیامیں تشریف آوری کے مقصد کو سمجھیں اور دنیامیں غلبہء اسلام کے لئے اپنی ہر ممکنہ کوششیں اور کاوشیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ سے سچی محبت کا حق اسی صورت میں اداکیاجاسکتاہے جب آپﷺ کے لائے ہوئے نظام نظام مصطفےٰﷺ کو نافذ کرنے کے لئے عملی جدوجہد کی جائے۔ ان کا کہناتھاکہ جب نظام نبی ﷺ نافذ ہوجائے گا تو پاکستان میں خوشحالی ترقی اور استحکام کا دوردورہ ہوگااور نظام مصطفےٰ ﷺ ہی اس ملک کا مقدر ہے، گو کہ تمام حکمران ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ نافذ کرنے میں کوتاہی کے مرتکب ہوئے جس کی وجہ سے ملک میں نظام مصطفےٰ کا نفاذ التواکا شکارہے۔ امام الشاہ احمدنورانیؒ کے متوالے بیدار ہیں، اس ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ نافذ کرکے دم لیں گے۔