دہشتگرد قوم کے حوصلوں کو توڑنے میں ناکام ہوچکے ہیں، شکیل قاسمی

بے گناہ نہتے اور میلاد کی خوشیاں مناتے مسلمانوں پر حملہ کون سی بہادری ہے؟

دہشتگرد قوم کے حوصلوں کو توڑنے میں ناکام ہوچکے ہیں، شکیل قاسمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ بے گناہ نہتے اور میلاد کی خوشیاں مناتے مسلمانوں پر حملہ کون سی بہادری ہے؟درحقیقت بم دھماکے کرنے والے اسلام کے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ نبی کریم ﷺ دنیامیں امن کا پیغام لے کر تشریف لائے،آپﷺ کے ماننے والے کسی کا ناحق خون کیسے بہاسکتے ہیں؟۔ یہ لوگ انسان کہلوانے کے لائق بھی نہیں ہیں، درندوں سے بھی بدتر لوگ شیطان کے پیروکار ہیں جو پاکستان میں انتشار وافتراق پھیلاناچاہتے ہیں،ہم نبی آخرالزماں ﷺ کے امتی ہیں اور آپﷺ کے لائے ہوئے امن کے پیغام کو عام کرتے رہیں گے۔یہ باتیں انہوں نے ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی گلشن سرجانی فیز2کے طلباء وطالبات کی جانب سے نکالی گئی پیغام میلادمصطفےٰ ﷺ امن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ریلی کے شرکاء سے مفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ اسکول کے طلباء وطالبات نے دہشتگردی کویکسر مسترد کردیاہے اور یہ پیغام دیاہے کہ پاکستانی قوم کا بچہ بچہ دہشتگردی کے آگے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا،سانحہء اے پی ایس ہو یاسانحہء نشترپارک یاحالیہ سانحہء مستونگ دہشتگرد قوم کے حوصلوں کو توڑنے میں ناکام ہوچکے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ سیکورٹی ادارے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور دہشتگردی کے تمام راستے بند کرکے دہشتگردوں کو بلوں سے باہر نکالیں۔ آخر میں وطن عزیز پاکستان اور پاکستان کے عوام کی سلامتی،خوشحالی اور ترقی کے لئے دعاکی گئی۔ قبل ازیں ریلی میں طلباء وطالبات نعت رسول مقبولﷺ اور درودوسلام کے نذرانے پیش کرتے رہے۔ علاقہ مکینوں نے امن ریلی کا بھرپور خیر مقدم کیااور طلباء وطالبات کے جذبوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی گلشن سرجانی فیز2 کراچی کے طلباء نے میلاد مصطفےٰﷺ امن ریلی نکالی، پھولوں کے گلدستے ہاتھوں میں لئے طلباء وطالبات کی امن ریلی علاقے کے مختلف مقامات سے گزرتی ہوئی واپس اکیڈمی پر اختتام پذیر ہوئی جہاں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمدشکیل قاسمی نے پرچم کشائی کی،پرنسپل اکیڈمی مفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ، علامہ قاری کلیم اللہ نقشبندی، ڈاکٹر طلحہ قادری، وصی الحق ملک، احمدقادری ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔