ظلم اور ناانصافی کی وجہ سے خودکشیاں بڑھ رہی ہیں، شکیل قاسمی

ملک میں ترقی،خوشحالی اور امن کا واحد راستہ انقلاب نظام مصطفی ﷺ ہے، جمعیت علمائے پاکستان

ظلم اور ناانصافی کی وجہ سے خودکشیاں بڑھ رہی ہیں، شکیل قاسمی

کراچی(وسیم قریشی)جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی،خوشحالی اور امن کا واحد راستہ نظام مصطفی ﷺ کا انقلاب ہے۔جے یو پی (نورانی)کا مشن پاکستان کو بحرانوں سے نکالنا اور کرپشن، بدامنی، فساد، جان لیوا مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہے، گڈگورننس کے ساتھ پاکستان کو اسلامی فلاحی اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔ 15اکتوبر کراچی سب کنونشن سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ باتیں انہوں نے جے یوپی یوتھ ونگ کراچی کے صدر راؤ عبدالرحمان سے نیوکراچی میں سب کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نظام مصطفی ؐکے نفاذ اور مقام مصطفیؐ کے تحفظ کی تاریخ مولانا الشاہ احمد نورانی ؒکے تذکرے کے بغیر نامکمل وادھوری ہے،آپؒ نے تحفظ ناموس رسالتﷺ اور تحفظ ختم نبوت کﷺ کیلئے پارلیمنٹ کے فورم پر وہ کردار ادا کیاجو تاریخ کا روشن باب ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا شاہ احمد نورانی ؒلا دین قوتوں کے مقابلے میں بہت بڑی ایمانی چٹان تھے۔ پاکستان میں نظامِ مصطفیؐ کے نفاذ کی جدو جہد شاہ احمد نورانیؒ کا دوسرا نام ہے۔آپ ؒنے ہمیشہ مفادات پر سچے نظریات کو ترجیح دی قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوانے میں آپؒ کا قائدانہ کردارروز روشن کی طرح عیاں ہے۔ آپؒ نے کارکنان کی ہڈیوں اور کھوپڑیوں پر قیادتوں کے تاج محل تعمیر کرنے کے تصور کو یکسر مسترد کیا، بڑے بڑے ڈکٹیٹروں، آمروں اور وڈیروں کی سیاست آپ ؒکے سامنے پانی بھرتی رہی۔ آپؒ پاکستان کے وہ واحد سیاستدان اور انٹر نیشنل مذہبی پیشوا تھے جن کی چادرِ کردار پر کوئی داغ اور دھبہ نہیں تھا۔ ایک پارلیمنٹیرین کے لحاظ سے آپؒ کی کاوشیں تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ آپؒ پاکستان میں مذہبی سیاست کیلئے ایک رول ماڈل قرار دئیے جا سکتے ہیں۔ مخالفین بھی آپؒ کی بصیر ت کی داد دیے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ جے یو پی (نورانی) کے صدر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرامام الشاہ احمد نورانی ؒکے مشن نظام مصطفی ؐکے نفاذ اور مقام مصطفیؐ کے تحفظ کیلئے میدان عمل میں ہیں۔ موجودہ پرآشوب دور میں ضروری ہے کہ امام الشاہ احمد نورانی ؒکے مشن کی تکمیل کیلے قوم متحد و متفق ہوکر جے یو پی (نورانی) کے جہاد نفاذ نظام مصطفیﷺ کے قافلے کا حصہ بنے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایسے معاشرے کے قیام کا داعی ہے جس میں انسانی سطح پر مساوات ہو اور اجتماعی سطح پر عدل وانصاف کا نظام قائم ہو۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ظلم اور ناانصافی کی وجہ سے خودکشیاں بڑھ رہی ہیں،لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کی تو اب کوئی بات بھی نہیں کرتا، حکمران طبقے کی بدنیتی کی وجہ سے اقدامات کے باوجود سودی نظام کا خاتمہ نہیں ہورہا ہے، سودی لین دین سے ہماری دنیاخسارے کا شکار ہے اور آخرت تباہ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق غیر یقینی، معاشی بد حالی، مہنگائی اوربے روزگاری کے باعث پاکستان چھوڑنے والوں کی تعدا د میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے،پاکستان قدرتی وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے مگر کسی بھی دور حکومت میں نوجوانوں کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات نہیں اٹھائے گئے، صرفپچھلے سال بیرون ممالک کا رخ کرنے والوں کی تعداد 7لاکھ 65ہزار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بڑی سیاسی جماعتوں نے سیاسی،معاشی اور سماجی دہشت گردی مسلط کی ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کا منشورپاکستان میں نظام مصطفی ٰؐکا نفاذ اور مقام مصطفیؐ کا تحفظ اور کرپشن فری پاکستان ہے قوم دیانتدار قیادت کا ساتھ دے،76 سال سے عوام کو جھوٹے دعوؤں او روعدوں کیساتھ بیوقوف بنایا جارہا ہے لیکن اس بار قوم ان سیاسی مداریوں کی دلفریب نعروں میں نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی تب آئے گی جب ہر ووٹر ووٹ ڈالنے سے پہلے سوچے کہ وہ کسی خاص جماعت کو ووٹ کیوں ڈال رہا ہے،بریانی کی پلیٹ اور قیمے والے نان کی خاطر ووٹ دینے والی سوچ کو بدلنا ہوگا، میرٹ کے بجائے سفارش کے ذریعے نوکریاں حاصل کرنے کی عادت کو بدلنا ہوگا،پولیس اور کورٹ کچہری سے رعایت حاصل کرنے کے بجائے غیر قانونی ہتھکنڈوں سے اجتناب کریں کرنا ہوگاتب ہی ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔