اجلاس اسپیکر شوریٰ ہمدرد جنرل (ر)معین الدین حیدر کی زیر صدارت ’احترام اساتذہ‘ کے موضوع پر ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی موجودگی میں شوریٰ ہمدرد کراچی کا ماہانہ اجلاس اسپیکر شوریٰ ہمدرد جنرل (ر)معین الدین حیدر کی زیر صدارت ’احترام اساتذہ‘ کے موضوع پر ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں معزز اراکین شوریٰ نے شعبہ تعلیم کے مسلسل انحطاط اوربڑھتی بدعنوانی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور مختلف تجاویز و سفارشات پیش کیں۔ موضوع کے تعارف میں جنرل(ر)معین الدین حیدر نے کہاکہ بدقسمتی سے شعبہ تعلیم میں بدعنوانی کی وجہ سے ایسے لوگ استاد بن جاتے ہیں جو نہ اہل ہوتے ہیں اور نہ اُن میں قابلیت ہوتی ہے۔آج صوبائی حکومتیں اساتذہ کو کئی مراعات دیتی ہیں،تنخواہیں بھی مناسب ہیں۔ تاہم مسئلہ اُستاد کے انتخاب میں ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر خالدہ غوث نے کہاکہ شعبہ تعلیم کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ غیر حاضر اساتذہ جو صرف تنخواہ وصول کرتے ہیں، اُنہیں روکنے کے لیے اساتذہ کو مسلسل مختلف نوعیت کے کورسز میں مشغول رکھنا ہوگا۔ٹیکنالوجی اور موبائل اپلی کیشنز کے ذریعے اساتذہ کی حاضری اور سال میں کورس مکمل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات لینا ہوں گے۔مزید براں استاد بننے کے معیار کو بھی واضح کرنا ہوگا۔
0 تبصرے