رجیم چینج کا امریکی منصوبہ اپنے اصل اہداف کی طرف بڑھنا شروع ہو گیا ہے
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس نے امریکہ کی سرپرستی میں فلسطینیوں کوبے دخل کرکے قبلہ اول بیت المقدس سمیت انبیائے کی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ اور مسلمانوں کے لیے زمین تنگ کردی ہے، ایسی فاشسٹ وقابض ریاست سے تعلقات کی بحالی کی باتیں تشویشناک اور شہداءکے خون پر نمک پاشی کے مترادف ہوگا۔حکومت پاکستان نے ایسی حرکت کو تو پاکستان کے غیرتمند عوام بھرپور مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کسی صورت میں اسرائیل کی ناجائز صیہونی ریاست کو تسلیم نہ کرے، سوال یہ ہے کہ لاکھوں فلسطینیوں اور علاقے میں موجود اسلامی ورثے کو نظرانداز کرکے امن کیسے قائم کیا جاسکتا ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنا مودی فاشزم اور کشمیر پر سودے بازی پر مہر ثبت کرنے کے مترادف ہوگا، جماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔صوبائی امیرنے کہاکہ مخصوص سوشل میڈیا ایکٹوسٹ، این جی اوز اور لبرل دانشوروں کے ذریعے اس تاثر کو عام کیا جا رہا ہے کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ اسرائیل کی غاصب ریاست کو تسلیم کرنا ہے۔رجیم چینج کا امریکی منصوبہ اپنے اصل اہداف کی طرف بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔نئی نسل کی ذہن سازی اور اسرائیل کو سازگار ماحول فراہم کرنا نہ صرف پاکستانی قوم کے ساتھ خیانت ہو گی بلکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے فرمودات سے بھی صریحاً انحراف ہو گا۔ صیہونی غاصب ریاست کے حوالے سے معمولی سی لچک کشمیر پر ہمارے موقف کو کمزور کرنے کا باعث بھی بنے گی۔ ریاست کے فیصلے عوامی امنگوں اور زمینی حقائق کے مطابق ہونے چاہیںنہ کہ کسی نام نہاد سپر پاور کے احکامات کے تابع۔عوام کسی ایسے فیصلے کو قطعاً تسلیم نہیں کریں گے جس سے لاکھوں بے گناہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے خون میں ہاتھ رنگنے والے غاصبوں کے ظلم کو تقویت ملے۔
0 تبصرے