روس نے امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

روسی وزارت خارجہ نے جمعرات کو دو امریکی سفارت کاروں کو سات دن کے اندر ملک چھوڑنے کو کہا

روس نے امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

ماسکو (ویب ڈیسک) روس نے دو امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے جمعرات کو دو امریکی سفارت کاروں کو سات دن کے اندر ملک چھوڑنے کو کہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں سفارتکار غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ ایک بیان میں وزارت نے الزام لگایا کہ روس میں امریکی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری جیفری سلن اور سیکنڈ سیکریٹری ڈیوڈ برنسٹین نے روسی شہر ولادی ووسٹوک میں امریکی قونصل خانے کے ایک سابق ملازم سے رابطہ کیا تھا جسے اس سال کے شروع میں گرفتار کیا گیا تھا۔ . بیان میں مزید کہا گیا کہ سابق ملازم پر یوکرین میں روس کی فوجی کارروائیوں اور متعلقہ معاملات کے بارے میں امریکی سفارت کاروں کے لیے معلومات اکٹھی کرنے کا الزام ہے۔ ادھر سفارت کاروں کی ملک سے بے دخلی پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ سفارت کاروں کی بے دخلی میرٹ کے بغیر ہے، روس نے تعمیری سفارت کاری پر تنازع کا انتخاب کیا ہے۔