جے یو آئی اور ایم کیو ایم کا اتحاد سندھ کے عوام کو پیپلز پارٹی سے نجات دلائیگا: ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
جے یو آئی کا وفد مولانا راشد محمود سومری کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پہنچا اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی، جے ڈی اے اور ایم کیو ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کے عوام کو پیپلز پارٹی کے قبضے سے آزاد کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سندھ کارڈ نہیں چلنے دیں گے، دیہی علاقوں میں سیاسی طاقت یو آئی کے پاس ہے، ہم مل کر جاگیرداروں اور وڈیروں کو ان کی اوقات یاد دلائیں گے اور پیپلز پارٹی کی نفرت کی پالیسی کو شکست دیں گے۔ .
انہوں نے کہا کہ اب ہم سندھ کے عوام کی یہ غلط فہمی دور کریں گے کہ ان کے پاس متبادل قیادت نہیں، نیا سیاسی اتحاد سندھ کے عوام کی خدمت کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر راشد محمود سومری نے کہا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایم کیو ایم، جے ڈی اے اور جے یو آئی کسی ایک قوم کے لیے جدوجہد نہیں کریں گے بلکہ ہم کراچی سے کشمور تک سب کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تبدیلیوں، تقرریوں اور معطلیوں پر جے ڈی اے، ایم کیو ایم اور ہمارے تحفظات دور کر دیے ہیں۔
0 تبصرے