ہر وقت یزید سے جنگ ہی پیغام امام حسینؓ ہے، فقیر شکیل قاسمی

صحابہ کرام واہلبیت اطہار سے محبت دراصل حضوراکرم ﷺ سے محبت ہے، پیغام امام حسین ؓ کانفرنس

ہر وقت یزید سے جنگ ہی پیغام امام حسینؓ ہے، فقیر شکیل قاسمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صحابہء کرامؓ اور اہلبیت اطہارؓکی محبت ہرمسلمان پر لازم ہے، احادیث مبارکہ سے ثابت ہے کہ صحابہ کرام واہلبیت اطہار سے محبت دراصل حضوراکرم ﷺ سے محبت ہے اور ان سے بغض دراصل حضوراکرم ﷺ کی وجہ سے ہے۔ پیغام امام حسین ؓ ہر ظالم وجابر کے سامنے کلمہء حق بلندکرناہے، جب بھی دین اسلام پر آنچ آنے لگے تو کسی کا انتظار کئے بغیر سروں پر کفن باندھ کر نکلناہی کردارحسینی ہے۔ امام حسین ؓ کا ماننے والاکبھی کسی فاسق وفاجراور ظالم وجابرکی بیعت نہیں کرے گا،امام حسینؓ کا یادگار قول ہے کہ مجھ (امام حسینؓ)جیساتجھ (یزید) جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا۔ پیغام امام حسینؓ ہر وقت یزید سے جنگ ہے۔ یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے محافظ فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام مقامی آڈیٹوریم میں منعقدہ پیغام امام حسین ؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ کانفرنس سے میزبان راؤعبدالرحمان سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء اور دیگر مذاہب کی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر دی اسمارٹ اکیڈمی اور دیگر اسکولوں کے طلباء وطالبات نے حضرت امام حسین ؓ میرا عشق کے عنوان پر تقریری مقابلے میں حصہ لیا۔بعدازاں بہترین تقاریر پر طلباء وطالبات میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں پیغام امام حسین ؓ پر روشنی ڈالتے ہوئے فی زمانہ اانفرادی اور اجتماعی کردار اداکرتے ہوئے فکر امام حسینؓ کے فروغ کے لئے عملی جدوجہد کرنے پر زوردیا۔انہوں نے کہاکہ واقعہ ء کربلانے امت مسلمہ کو ہمیشہ کے لئے ایک واضح پیغام دے دیاہے کہ خواہ آپ تعداد میں کتنے ہی کم کیوں نہ ہوں ہمیشہ باطل کے خلاف ڈٹ جاؤ،آخر جیت تمہاری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ فروعات اور مسلکی دائروں سے باہر نکل کر فکر امام حسین ؓ کو اپنی زندگانیوں میں شامل کرلے۔ انہوں نے کہاکہ تمام مسلمان اتحاد ویگانگت کے ساتھ ایک ہوجائیں تو جہاں جہاں مسلمان آزادی اور بقاکی جنگ لڑرہے ہیں،کشمیر ہویافلسطین یاکوئی بھی خطہ کامیابی مسلمانوں کی ہوگی۔ مسلمان آپس میں دست وگریباں ہونے کے بجائے یزیدی کرداروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اسلام دشمن قوتوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں۔