پاکستان اور جنوبی افریقی وومن کرکٹ ٹورنامينٹ، 3400سے زائد پولیس اہلکارسیکیورٹی فرائض پر مامور

کراچی میں ہونے والے کرکٹ میچز کے حوالے سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب

پاکستان اور جنوبی افریقی وومن کرکٹ ٹورنامينٹ، 3400سے زائد پولیس اہلکارسیکیورٹی فرائض پر مامور

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقی وومن کرکٹ ٹیمز کے مابین نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں 01 ستمبر 2023سے شروع ہونے والے کرکٹ میچز کے حوالے سے سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیاہے۔ سیکیورٹی پلان ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کی زیر صدارت اجلاس کے دوران وضع کیا گیاجس میں کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی، ایس ایس پی مددگار-15 امجد حیات، ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر، ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ، ایس ایس پی سید سلمان حسنین، ایس ایس پی ٹریفک ایسٹ سرور بھایو، ایس پی فارنرز سیکیورٹی سیل اظہر خان، ایس پی ایس ایس یو انیل حیدر، ایس پی ملیر ارباب علی، ایس پی گلشن عزیر احمد، ایس پی صدر جمعہ خان، ایس پی کورٹ پولیس عابد قائم خانی، دیگر اعلیٰ پولیس افسران، پاک فوج، سندھ رینجرز اور پی سی بی کے افسران سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق مجموعی طورپر 3400 سے زائد پولیس اہلکارسیکیورٹی پرمامورہونگے۔ ایس ایس یو کے 500 کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے 1400، ٹریفک پولیس کے 1336، اسپیشل برانچ کے96 اورڈسٹرکٹ پولیس کے اہلکار دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات ہیں۔ جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزپرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم بطور کوئیک ریسپانس فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی۔ ایس ایس یو کی اسکیٹنگ فورس اور سواٹ ٹیم اسٹیڈیم کے اطراف گشت پر بھی مامورہوگی۔ ایس ایس یو لیڈی کمانڈوز پر مشتمل دستہ بھی کھلاڑیوں کیساتھ تعینات کیا جائے گا جو انکو ہوٹل اوراسٹیڈیم میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گا۔ ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈاینڈکنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی گئی ہے۔