پاکستان رینجرز نے بھارت سے منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ ناکام بنادی
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان رینجرز نے بھارت کی جانب سے منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے 6 بھارتی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 جولائی سے 3 اگست تک مداخلت کی کوشش میں 6 بھارتی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا، بھارتی شہری منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار بھارتی شہریوں میں گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جوگندر سنگھ اور فیروز پور کے وشال سنگھ شامل ہیں جب کہ جالندھر کے مہندر سنگھ اور لدھیانہ کے گروندر سنگھ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار سمگلروں کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی داخلے اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بی ایس ایف کی نگرانی میں سرحد پار سے بھارتی اسمگلروں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بی ایس ایف سرحد پر نگرانی کے نظام کو موثر بنا کر سمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کر دے گی۔
0 تبصرے