شرجیل انعام میمن کی طرف سے کراچی پریس کلب کیلئے سالانہ گرانٹ 05 کروڑ روپے کا چیک جاری

شرجیل انعام میمن نے 05 کروڑ روپے کا چیک کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کے حوالے کیا

شرجیل انعام میمن کی طرف سے کراچی پریس کلب کیلئے سالانہ گرانٹ 05 کروڑ روپے کا چیک جاری

کراچی: وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی پریس کلب کے لئے سالانہ گرانٹ کی مد میں 5 کروڑ روپے کا چیک آج سندھ اسمبلی میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کے حوالے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ ، وزیرِ برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ ، رکنِ سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، ڈائریکٹر اطلاعات ایڈمنسٹریشن محمد یوسف کابورو ،ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی اور کراچی پریس کلب کے سابق صدر فاضل جمیلی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کی بہبود کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ صحافیوں کی رہائش کے لئے پلاٹس کی فراہمی سے لیکر ان کے علاج معالجے کے لئے مالی امداد ، صحافتی تنظیموں اورپریس کلب کو گرانٹس مہیا کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون سازی میں بھی سبقت لی ہے اور سندھ کمیشن فار دی پراٹیکشن آف دی جرنلسٹس اینڈ میڈیا پریکٹیشنرز (Sindh Commission for the Protection of Journalists and Other Media Practioners)بھی قائم کردیا گیا ہے اور فعال ہے۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت محترم آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور بالخصوص وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور محکمۂ اطلاعات کے تمام افسران کی ٹیم کے مثالی تعاون کو سراہتے ہوئے صحافیوں، صحافتی تنظیموں اور پریس کلب کی گرانٹ پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔