حکومتی اتحاد میں نگراں وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت جاری
اسلام آباد: حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس، نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت جاری، اتحاد نے وزیراعظم کو نگراں وزیراعظم نامزد کرنے کا اختیار دے دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل، آفتاب شیر پاو، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول، محسن داوڑ اور دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں نگراں وزرائے اعظم کے ناموں پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے لیے سابق وفاقی وزیر حفیظ شیخ، شاہد خاقان عباسی، اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد سمیت دیگر کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
نگراں سیٹ اپ پر مشاورت دو روز تک جاری رہنے کی توقع ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان کا نام جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دیا، اتحادی جماعت نے حفیظ شیخ کا نام تجویز کیا، نواز لیگ نے فواد حسن فواد کا نام دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی جماعت سے کوئی مزید نام دینا چاہے تو دے سکتا ہے، یہ ابھی پہلا مشاورتی اجلاس ہے، ناموں کو آئندہ اجلاس میں فائنل کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ 9 اگست مقرر کر دی، نگراں وزیراعظم کے لیے پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری رہے گی۔
0 تبصرے