گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مختلف بینکوں نے ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام شروع کردیا ہے
اسلام آباد: حکومت نے عوام پر بوجھ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، بجلی کے بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ اب ریڈیو فیس بھی دینی ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ بجلی کے بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ ریڈیو فیس بھی شامل ہوگی، 35 روپے ٹی وی اور 15 روپے ریڈیو فیس بلوں میں عائد کی جائے گی۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر کو فنانس بل کے حوالے سے 97 سفارشات موصول ہوئیں، سینیٹ کی 77 سفارشات کو فنانس بل کا حصہ بنایا اور 15 سفارشات پر جزوی طور پرعمل کیا، 6 سفارشات کو مسترد کیا گیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کابینہ کی منظوری سے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز بینک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، سال 2022ء میں ایس ایم ای بینک کو 1.4 ارب روپے کے نقصانات ہوئے، ایس ایم ای بینک کو اس سال پہلے 6 ماہ میں 80 کروڑ روپے نقصان ہوا، ماہانہ نقصانات 10 کروڑ سے ساڑھے 12 کروڑ روپے ہے، وزارت خزانہ یا حکومت ایس ایم ای بینک کو مزید فنڈز فراہم نہیں کر سکتے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مختلف بینکوں نے ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام شروع کردیا ہے، سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام کررہا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ شکر ہے کہ اب اسٹیٹ بینک خود اس پر کام کررہا ہے۔
0 تبصرے