آن لائن آمدنی کی تعلیم کیلیے گوگل اور بلوچستان حکومت میں ایم او یو پر دستخط

پروگرام کرنے کے بعد ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کمانے کے قابل ہوں گے۔

آن لائن آمدنی کی تعلیم کیلیے گوگل اور بلوچستان حکومت میں ایم او یو پر دستخط

کوئٹۃ: گوگل اور حکومت بلوچستان کے درمیان نوجوانوں کو آئی ٹی سے متعلق مہارت کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان حکومت اور گوگل کے درمیان ایم او یو سائن ہوئے ہیں جس کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی مہارت فراہم کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو عصر جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے آن لائن روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے۔ یہ ایم او یو گوگل اسکالرشپ ٹيک ويلی کے توسط سے ہوا ہے، گوگل صوبائی محکمہ اطلاعات کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھی معاونت بھی فراہم کرے گا، اس حوالے سے ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی نے بھی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشتوں پر سیکریٹری آئی ٹی طیب لہڑی، سیکریٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات اور ٹيک ويلی کے سی ای او عمر فاروق نے دستخط کیے۔ چیف سیکریٹری نے کہا ہے کہ وزیراعلی صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ اس سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک ہزار اسکالر شپس دی تھیں، اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی۔ انہوں ںے کہا کہ گوگل کی جانب سے مزید دو ہزار اسکالر شپس دی گئیں، ان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے اایک ایک ہزار اسکالر شپ شامل ہیں، اسکالر شپ کے حامل نوجوانوں کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن ہوگی جس سے وہ آن لائن جاب حاصل کر سکیں گے، يہ پروگرام کرنے کے بعد ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کمانے کے قابل ہوں گے۔