دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کیلیے اہم فیصلے ضروری ہیں، بلاول بھٹو

انہوں نے مزید کہا کہ چین کی مدد سے وزارت خارجہ کو سولر پینل پر منتقل کررہے ہیں۔

دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کیلیے اہم فیصلے ضروری ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری اور سیکیورٹی کیلیے اہم کردار ادا کیا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کیلیے اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔ وزارت خارجہ میں انتظامی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں وزیر خارجہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کیلیے اہم فیصلے ضروری ہیں، دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ڈبلومیٹک سروس کے اصول و ضوابط پر پوری طرح عملدرآمد کیلیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی گلوبل چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران ملکی مفاد کیلیے اچھا کردار ادا کرسکتے ہیں، دنیا بھر میں موجود پاکستانی مشنز ملک کیلیے اہم کردار ادا کررہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پالیسی میں نرمی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت واضح ہے، ہم ہر ملک سے برابری کی سطح پر برادرانہ تعلقات کے خواہش مند ہیں‘۔ بلاول بھٹو نے پندرہ ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ کوپ 27 کانفرنس، نقصان اور ازالہ فنڈز، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے میں وزارت خارجہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری اور سیکیورٹی کیلیے اہم کردار ادا کررہی ہے جس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزارت خارجہ کے افسران پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ٹیم ورک سے کوئی بھی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے پاس ملازمین کیلیے اچھی خبریں بھی ہیں، وزارت خارجہ کے ملازمین بشمول سیکیورٹی گارڈز اور ڈرائیورز کو جدید ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ آئی ٹی میں مہارت حاصل کرسکیں، گزشتہ چار ماہ میں اس حوالے سے ہم نے متعدد سیشنز کا انعقاد بھی کیا، باقی چار سیشنز آئندہ چار ماہ میں ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پچاس فیصد ٹریننگ کا ہدف حاصل کرلیا باقی آئندہ چار ماہ میں ہوجائے گا، بیرون ملک میں مقیم وزارت خارجہ کے ملازمین بھی ٹریننگ کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی مدد سے وزارت خارجہ کو سولر پینل پر منتقل کررہے ہیں۔