سائفر چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا کیس چلنا چاہیے، وزیرداخلہ

اعظم خان کی گمشدگی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اعظم خان اپنے دوست کے گھر پر تھے۔

سائفر چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا کیس چلنا چاہیے، وزیرداخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ سائفر گم نہیں ہوا بلکہ ابھی بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے۔ راناثناء اللہ نے اسلام آبادمیں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کے بیان سے پتا چل گیا کہ اصل میر جعفر کون ہے، سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا اقبالی بیان چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف فرد جرم ہے، سائفر کے ڈرامے سے پاکستان کی ساکھ کونقصان پہنچا، شاہ محمود قریشی بھی اس جرم میں شریک ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سائفر گم نہیں ہوا بلکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے، خفیہ سرکاری دستاویز کو اپنی تحویل میں رکھنا جرم ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو ہرصورت سزا ملنی چاہیے، انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سائفر کو پبلک کیا اور چوری کرکے اپنے پاس رکھنے کا جرم کیا، اس پر ان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی ہونی چاہیے اور مقدمہ خصوصی عدالت میں چلنا چاہیے۔ اعظم خان کی گمشدگی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اعظم خان اپنے دوست کے گھر پر تھے۔