2700مرتبہ فون کرنے پر پولیس نے خاتون کو گرفتار کرليا

جاپان میں اس وقت عمررسیدہ افراد شدید تنہائی کے شکار ہیں

2700مرتبہ فون کرنے پر پولیس نے خاتون کو گرفتار کرليا

ٹوکیو: جاپانی پولیس نے ایک خاتون کوگرفتار کیا ہے جس نے تین برس میں پولیس ایمرجنسی کو تین ہزار کالز کی ہیں۔ گرفتار ہونے والی خاتون کے مطابق وہ تنہائی سے عاجز تھیں اور اسی وجہ سے انہوں نے فون کئے۔ پولیس کےمطابق 51 سالہ نیروکو ہیٹاگامی نے تین سال کے دوران پولیس اور فائربریگیڈ ڈپارٹمنٹ کو 2761 فون کئے۔ یہ خاتون ٹوکیو کے مشرق میں شیپا پرفیکچر کے علاقے میں رہتی ہیں۔ پولیس نے انہیں سرکاری امور میں مداخلت اور انہیں کام سے روکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اگست 2020 سے مئی 2023 تک انہوں نے کل دو برس اور 9 ماہ تک اپنے اسمارٹ فون سے کال کیں اور پولیس کو بہت ستایا۔ انہوں ںے کبھی دردِ سر، کبھی دوا کی زیادتی سے طبعیت کی خرابی اور کبھی دیگر جسمانی شکایات کیں۔ جب جب پولیس یا طبی عملہ ان کے پاس پہنچا تو خاتون نے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں اور جھوٹ کہدیا کہ انہوں نے کوئی کال ہی نہیں ملائی ہے۔ پھر اداروں نے تنگ آکر مٹسوڈو فائرڈپارٹمنٹ نے خاتون کے خلاف ایک درخواست دائرکی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ اب گرفتار ہونے پر انہوں نے فون کالز کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں ںے مؤقف پیش کیا کہ وہ تنہائی سے عاجز ہیں اور دل بہلانے کے لیے فون کیا ہے۔ جاپان میں اس وقت عمررسیدہ افراد شدید تنہائی کے شکار ہیں۔ اس کے علاوہ تیزرفتار زندگی سے لوگ ایک دوسرے کو وقت بھی نہیں دے پارہے۔ یہی وجہ ہے کہ جاپانی کی بڑی آبادی بہت الگ تھلگ اور تنہا ہے۔