پشاور: پی ٹی آئی سے منحرف اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کو شدید دھچکا پہنچا ہے، پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا جس میں سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی۔
پرویز خٹک نے آج پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
سابق وزیر اعلی محمود خان بھی پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے ان کے پاس پہنچ گئے۔ محمود خان پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا حصہ بنیں گے۔
نئی پارٹی کی حمایت کرنے والے تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی میں اشتیاق ارمڑ، ضیا اللہ، غزن جمال، پیر فدا، آغاز گنڈاپور، احتشام جاوید، احمد حسین، فلک ناز، ابراہیم خٹک، وِلسن وزیر، ملک واجد، ارباب وسیم، شوکت علی، محب اللہ، اقبال وزیر، انور زیب، ظہورشاکر، عمران خٹک، مصورخان، شیر اکبر، صالح محمد، ندیم خیال، یعقوب شیخ، وزیر زادہ، عزیز اللہ گران، فضل مولا اور دیگر شامل ہیں۔
0 تبصرے