نوٹیفکیشن کے مطابق باسط مقصود عباسی کو کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی تعینات کردیا گیا ہے
کراچی: اسپیڈ منی کے الزامات کا سامنا کرنے والے کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کردیے گئے۔
ذرائع کےمطابق ایف آئی اے کو مطلوب کسٹمز افسران کو بیرون ملک فرار سے روکنے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،کرپشن میں ملوث کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیے گئے ہیں۔
کسٹمز کلکٹرز ثاقف سعید، عثمان باجوہ،عامر تھہیم کا نام ایف آئی اے اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے جبکہ گرفتار کسٹم افسر یاور عباس اور طارق محمود کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھالیہ کے اسمگلر عمران نورانی کا نام بھی ایف آئی اے نے اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ امیگریشن کو مطلوب کسٹمز افسران کی فہرست ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے بھیجی ہے۔
ذرائع کے مطابق کسٹم کے گرفتار اور مطلوب افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کے بعد مذکورہ نام پرویشنل نیشنل آئیڈینٹی فکیشن لسٹ(پی آئی این ایل)میں بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کسی بھی شہری کی بیرون ملک روانگی کو روکنے کے لیے پی آئی این ایل میں نام ایک ماہ تک شامل رکھا جاسکتا ہے جبکہ اس مدت میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
دریں اثنا فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹر نے اتوار کو ہفتہ وار چھٹی کے باوجود پاکستان کسٹمز کے کلکٹرز کے خلاف اربوں روپے کی مبینہ کرپشن میں تحقیقات کے باعث تبادلوں کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
کرپشن کا الزام عائد ہونے پر گریڈ 20 کے حامل کلکٹرز کسٹمز کو ہٹاکر نئے افسران تعینات کردیے گئے ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
میگا کرپشن کے الزام پر ثاقف سعید کو ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کے عہدے سے فارغ کرکے ایف بی آر ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کلکٹر کسٹمز عثمان باجوہ اور کلکٹر کسٹمز عامر تھہیم کو بھی عہدوں سے ہٹاکر ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق باسط مقصود عباسی کو کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ سعدیہ شیراز کو ڈائریکٹر ٹرانزٹ ٹریڈ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
0 تبصرے