مولوی ہیبت اللہ نے کہا کہ معاشرے کے نصف حصے کی حیثیت سے خواتین کی بہتری کے اقدامات کیے ہیں
کابل: طالبان کے امیر مولوی ہیبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا ہے کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور نا ہی کسی کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت دیں گے۔
افغان میڈیا کے مطابق مولوی ہیبت اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان دنیا سے اچھے سیاسی و معاشی تعلقات کی خواہاں ہے، خصوصی طور پر اسلامی ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، کسی کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔
طالبان سربراہ کا کہنا تھا افغان معیشت کے بحران اور دیوالیے کی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، ملک میں پوست کی کاشت ختم کر دی اور کسان متبادل کاشت کر رہے ہیں، ہر قسم کی منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔
مولوی ہیبت اللہ نے کہا کہ معاشرے کے نصف حصے کی حیثیت سے خواتین کی بہتری کے اقدامات کیے ہیں، شریعت کے مطابق خواتین کی آرام دہ اور خوشحال زندگی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
0 تبصرے