کراچی (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے انتخابات جیتے گی۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے ملازمین کی ہیلتھ انشورنس میں مزید 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کا سفری الاؤنس بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں میں صورتحال خراب ہے، پنجاب میں 17 جبکہ خیبرپختونخوا میں 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، لیکن حیرت کی بات ہے کہ میڈیا اس معاملے پر خاموش ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور پنجاب حکومت مری اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چلا رہی ہے، جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنا کوئی بڑی بات نہیں، پیپلز پارٹی حقیقی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ حکومت کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی اتحادی نہیں، صرف جمہوریت کے استحکام کے لیے حکومت کی حمایت کی تھی، ایسی ہی پیشکش پی ٹی آئی کو بھی کی گئی تھی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب میں ضلعی سطح پر بھی موٹرویز تعمیر کی جا رہی ہیں، جبکہ سندھ میں جائز موٹرویز کے منصوبوں کو بھی نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
0 تبصرے