ملبہ لینڈنگ فریم کا ہے اور یہ لینڈنگ فریم آبدوز کے پچھلے حصے پر لگی تھی
واشنگٹن: امریکی اخبار نے بحر اوقیانوس میں تباہ ہونے والی آبدوز سے متعلق نیا انکشاف کیا ہے۔
امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہےکہ امریکی نیوی کو ٹائٹین کی تباہی کا اندازہ اتوار سے تھا اور نیوی نے زیر سمندر خفیہ نظام سے دھماکا ریکارڈ کرلیا تھا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ یہ ریکارڈنگ سب میرین کی نقل و حرکت کی نگرانی کے نظام نے ریکارڈ کی۔
امریکی نیوی افسر نے بتایا کہ یہ ریکارڈنگ ٹائٹین کے غائب ہونے کے قریبی علاقے سے ریکارڈ ہوئی اور ہم نے یہ معلومات کوسٹ گارڈز کو فراہم کر دی تھیں۔
بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹین کا ملبہ ملنے کے بعد آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے اس میں سوار دو پاکستانیوں سمیت پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
بحر اوقیانوس میں غرقاب ہونے والی آبدوز ٹائٹین کی مالک کمپنی اوشین گیٹ کے شریک بانی گیولرمو سوہنلین نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر زیر آب دباؤ کے باعث آبدوز پھٹ گئی ہوگی۔
اوشین گیٹ کی 18 جون کو لاپتہ ہونے والی آبدوز کا ملبہ ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں گیولرمو سوہنلین کا کہنا تھا کہ اگر سمندر کی تہہ میں کوئی ملبہ ملا ہے تو میرے لیے بلکل بھی تعجب کی بات نہیں کیونکہ ہمارا پروٹوکول تھا کہ اگر رابطہ ٹوٹ جائے تو پائلٹ آبدوز کو تہہ تک لے جائے گا، میرا شروع سے یہی خیال تھا کہ اسٹاکٹن نے بھی یہی کیا ہوگا۔
زیرِ سمندر ملبہ ملنے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ریسکیو ماہر ڈیوڈ مرنز نے کہا تھا کہ یہ ملبہ لینڈنگ فریم کا ہے اور یہ لینڈنگ فریم آبدوز کے پچھلے حصے پر لگی تھی، آبدوز کا خول جس میں مسافر موجود تھے وہ نہیں ملا، یہ ملبہ تصدیق کرتا ہے کہ آبدوز کے ساتھ کچھ بُرا ہو چکا ہے۔
0 تبصرے