مرحبا ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت زون 3 کے نومنتخب صدر افضل قریشی نے کی
کراچی:
گزشتہ روز ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون 3 کی جنرل باڈی کا اجلاس مرحبا ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت زون 3 کے نومنتخب صدر افضل قریشی نے کی۔
اجلاس میں زون 3 کے سیکریٹری زامن علی، خازن اختر فہیم اور زون 3 سے وابستہ کلبوں کے صدور نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تمام صدور کی باہمی مشاورت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین و ضوابط کے مطابق زون 3 کے نائب صدر، جوائنٹ سیکریٹری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے دو ارکان کا تین سالہ مدت کے لیے انتخاب عمل میں لایا گیا۔
انتخاب کے نتیجے میں پرویز حسین کو نائب صدر، شوکت علی خان کو جوائنٹ سیکریٹری جبکہ علی حسین اور عبد اللطیف خان نیازی کو ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون 3 کے نومنتخب صدر افضل قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ زون 3 کی تمام کلبز کراچی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تربیتی کیمپ منعقد کیے جائیں گے، جبکہ 50 اوورز اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹس کا بھی جلد انعقاد کیا جائے گا۔
افضل قریشی نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ 23 جولائی 2026 کو ہونے والے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے انتخابات میں ندیم عمر پینل بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا اور کراچی کی کرکٹ کی مزید بہتری اور ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر مختلف کلبوں کے صدور نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور زون 3 کی ترقی، کلب کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
0 تبصرے