منتخب ہوکر آنے والے نوجوان عہدے داروں سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں،کراچی کرکٹ مزید بہتر ہوگی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی کرکٹ کے کلینڈر کا اجرا کیا جائے گا،متحد رہتے ہوئے کراچی کرکٹ کو مزید بہتر کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے،نوجوان عہدے داروں سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں،مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے،ان خیالات کا اظہار ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدارتی امیدوار ندیم عمر نے گزشتہ زون سات کے صدارتی امیدوارمحمد عمران خان کی جانب سے اپنے اور زون ایک،تین،چار،پانچ اور چھ کے کامیاب زونل امیدواروں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ندیم عمر پینل کور کمیٹی کے سربراہ خالد نفیس،اعظم خان،توصیف صدیقی،خرم اشرف، افضل قریشی، مسرت رضا،محمد رئیس،ماجد خان،صائم احمد خان،سعید جبار،عارف حفیظ،شہباز قریشی،ظفر احمد،ریحان احمد،طارق حفیظ اور دیگر بھی موجود تھے۔ندیم عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کرکٹ کا کلینڈر بناناوقت کی ضرورت ہے تاکہ ہر زون میں کلب کرکٹ کو مزید بہتر اور فعال کیا جا سکے،اس سلسلے میں باہمی مشاورت سے کام کیا جائے گا،ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے الیکشن کے سلسلے میں اعظم خان اور خالد نفیس کا اہم کردارہے،ہماری کوشش ہوگی کہ کامیاب ہونے کے بعد پہلے سے زیادہ کراچی کرکٹ کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کیا جائے اس سلسلے میں مجھے منتخب ہوکر آنے والے نوجوان عہدے داروں سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ ضرور ہمارے ساتھ مل کر اس سلسلے میں ماضی سے بھی زیادہ کام کریں گے اور یہاں کے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر روشناس کروائیں گے۔خالد نفیس نے کہا کہ زون سات میں صدراتی امیدوار عمران احمد خان شکست کے باوجود بہت فعال ہیں اور آج کی یہ شاندار تقریب سجا کر انہوں نے ثابت کر دیا کہ صرف جیت کر ہی کراچی کرکٹ کے لئے کام نہیں کیا جا سکتا بلکہ ہارنے کے بعد بھی اپنا کرادار ادا کرنا ہی کرکٹ کی اصل خدمت ہے،خالد نفیس کا کہنا تھا کہ مخالفین کی جانب سے افواہوں کا بازار گرم کیا جا رہا ہے کہ ہمارے پینل میں پھوٹ پڑ گئی ہے میرے اور اعظم خان کے درمیان اختلافات ہو گئے ہیں ایسی کوئی بات نہیں،23جولائی کو ہم ثابت کر دیں گے کہ ہم متحد ہیں اور ہم میں کوئی تقسیم نہیں ہے،مرکزی الیکشن سے پہلے بھی کئی اور افواہیں آئیں گی لیکن آپ نے کسی افواہ پر کان نہیں دھرنا اور 23جولائی کو اپنا ووٹ کراچی کرکٹ کی بہتری کے لئے ندیم عمر پینل کے حق میں استعمال کرنا ہے،ندیم عمر ہی ہمارے واحد قائد ہیں جن کی رہنمائی میں کراچی کرکٹ کا مستقبل تابناک ہے۔توصیف صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے پینل کے تمام کامیاب زونل عہدے داران یہاں موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آر سی اے کے مرکزی الیکشن میں ہماری کامیابی یقینی ہے،11ووٹ درکار ہیں اور اس تقریب میں ہمارے15ارکان موجود ہیں کوئی بھی غیر حاضر نہیں ہے،اس الیکشن میں اب تک جتنا کام ہوا اور کامیابی ملی ہے اس کا تمام تر کریڈٹ اعظم خان اور خالد نفیس کو جاتا ہے یہی ہمارے رہنما ہیں اور ہم نے ان کا بھر پور ساتھ دیا ہے،میں اس تقریب کے روح رواں محمدعمران خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب سے زون ایک کے صدر خرم اشرف،زون تین کے صدر افضل قریشی،زون چار کے صدر مسرت رضا،زون پانچ کے صدر ماجد خان اور زون چھ کے صدر صائم احمد نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں کراچی کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات نے بھی بھر پور شرکت کی۔
فوٹو کیپشن: ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدارتی امیدوار ندیم عمر کا زون ایک،تین،چار،پانچ اور چھ میں اپنے پینل کے کامیاب زونل عہدے داروں کے ساتھ گروپ فوٹو
0 تبصرے