لاہور میں مقیم سندھی اپنی ثقافت اور روایات کو خوبصورتی سے زندہ رکھے ہوئے ہے: سید زین شاہ

سید زین شاہ کے اعزاز میں انڈس ایسوسی ایشن کی جانب سے استقبالیہ تقریب کا اہتمام

لاہور میں مقیم سندھی اپنی ثقافت اور روایات کو خوبصورتی سے زندہ رکھے ہوئے ہے: سید زین شاہ

لاہور (بیورو رپورٹ) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید زین شاہ کے اعزاز میں انڈس ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں ایس یو پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری منیر احمد نائچ، فتح محمد خاصخیلی، روشن برڑو سمیت انڈس ایسوسی ایشن کے صدر انور عزیز چانڈیو، منیر گھانگھرو، اشوک کمار کھتری، سراج قادر شیخ، خالد عباسی اور عبدالسمیع ھکڑو بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ جی سی یونیورسٹی کے طالب علم سہیل احمد نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں سید زین شاہ نے کہا کہ لاہور میں مقیم سندھی اپنی ثقافت اور روایات کو خوبصورتی سے زندہ رکھے ہوئے ہے اور شاه عبداللطيف ڀٽائي کے امن اور محبت کے پیغام کو عام کر رہی ہے۔ انہوں نے انڈس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم سندھ اور پنجاب کے ادیبوں اور دانشوروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے امن اور ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔اس موقع پر انڈس ایسوسی ایشن کے صدر انور عزیز چانڈیو نے کہا کہ سندھ سے آنے والے شعور اور امن کے پیغامبر مہمانوں کی میزبانی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تنظیم لاہور میں سندھی ثقافت کے فروغ کے لیے متعدد اہم پروگرام منعقد کر چکی ہے، جن میں سندھ اور پنجاب کے دانشوروں کو یکجا کر کے زبان، ثقافت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کیا جاتا ہے۔