حکومت کا بڑا اعلان، گھر بنانے یا چھت ڈالنے کے لیے 5 سے 10 لاکھ روپے کا قرض ملے گا، طریقہ کار بھی سامنے آ گیا

حکومت کا بڑا اعلان، گھر بنانے یا چھت ڈالنے کے لیے 5 سے 10 لاکھ روپے کا قرض ملے گا، طریقہ کار بھی سامنے آ گیا

لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب حکومت نے کم آمدنی والے اور بے گھر افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب نئے گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ خستہ حال گھروں کی مرمت یا چھت ڈالنے کے لیے بھی 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں سیکریٹری ہاؤسنگ، بینک آف پنجاب کے صدر اور ڈی جی پھاٹا نے شرکت کی اور صوبائی وزیر کو پروگرام کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس انقلابی اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران مزید ایک لاکھ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بلاسود قرضے دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس اسکیم سے بنیادی طور پر کم آمدنی والے، بے گھر اور کچے یا خستہ حال گھروں میں رہنے والے مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام قرضے مکمل طور پر بلاسود، کم لاگت اور انتہائی شفاف طریقہ کار کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے 5 سے 10 لاکھ روپے تک کا قرض ای پورٹل کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے، جس سے لوگوں کو دفاتر کے چکر لگانے اور طویل قطاروں میں کھڑے ہونے سے نجات ملے گی، جبکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن درخواست بھی جمع کرا سکیں گے۔