لندن (ویب ڈیسک): انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے ٹیم کی آئندہ ٹیسٹ قیادت کے لیے ہیری بروک کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانا ایک فطری فیصلہ ہونا چاہیے۔
اپنے آخری بین الاقوامی میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بین اسٹوکس نے کہا کہ ہیری بروک پہلے ہی انگلینڈ کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہیں، جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں نائب کپتان کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں، اس لیے انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنا منطقی قدم ہوگا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث بین اسٹوکس اور گس اٹکنسن ٹیم سے باہر تھے، تاہم انتظامیہ نے ہیری بروک کے بجائے جو روٹ کو کپتان مقرر کیا تھا۔
اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے بین اسٹوکس نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے عمل کا حصہ نہیں تھے۔
انہوں نے ہیری بروک کی حمایت کرتے ہوئے کہا، "کسی کو نائب کپتان اسی لیے بنایا جاتا ہے تاکہ کپتان کی غیر موجودگی میں وہ قیادت سنبھال سکے۔ بروک ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ٹیم کے سینئر ارکان میں شمار ہوتے ہیں۔"
بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ اگر ہیری بروک کو مزید ذمہ داری دی جائے تو ممکن ہے کہ ان کی بیٹنگ میں بھی مزید نکھار آئے۔ انہوں نے مزید کہا، "اگر مجھ سے پوچھا جائے کہ ٹیسٹ ٹیم کا کپتان کون ہونا چاہیے تو میں سو فیصد ہیری بروک کی حمایت کروں گا۔"
0 تبصرے