مقبوضہ مغربی کنارے میں ریاستی سرپرستی میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، سابق اسرائیلی وزیراعظم کے چونکا دینے والے انکشافات

مقبوضہ مغربی کنارے میں ریاستی سرپرستی میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، سابق اسرائیلی وزیراعظم کے چونکا دینے والے انکشافات

تل ابیب (ویب ڈیسک) سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے (ویسٹ بینک) میں اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں فلسطینیوں کے خلاف منظم اور ریاستی سطح پر نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں۔ ایہود اولمرٹ نے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف منظم تشدد، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں جن کی سرپرستی اسرائیلی حکومت کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نیتن یاہو، وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور دیگر وزراء کو براہِ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں حملے، آگ زنی، املاک کی تباہی اور مال و اسباب کی لوٹ مار روز کا معمول بن چکی ہے۔ اولمرٹ کے مطابق ہزاروں یہودی آبادکار یا قابضین حکومتی مدد، تحفظ اور مالی تعاون کے بغیر ایسے جرائم کا ارتکاب نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اسرائیلی پولیس، فوج اور داخلی انٹیلی جنس ادارے شن بیت پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ادارے یہودی انتہاپسندی اور یہودی دہشت گردی کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ اسرائیل کے سابق وزیراعظم نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیلی حکام نے صورتحال پر قابو نہ پایا تو امریکا، یورپی ممالک اور بین الاقوامی فوجداری عدالت ملوث افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید کو ہر بار یہود دشمنی قرار دینا درست نہیں اور اسرائیلی معاشرے کو اپنے اندر موجود انتہاپسند عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔